سوات، مرغزار سمیت چار مقامات پر جنگلات اور پہاڑوں پر آگ بھڑک اٹھی

13 جون ، 2022

سوات(نمائندہ جنگ) سوات کی وادی مرغزار سمیت مزید 4 مقامات پر جنگلات اور پہاڑوں پر آگ بھڑک اٹھی۔ مرغزار کی ایلم پہاڑی میں لگی چار مقامات میں سے دو مقامات پر آگ پر قابو پالیا گیا جن میں شیرخانئی اور وائٹ پیلس کے قریب پہاڑی کا سلسلہ شامل ہے جبکہ تورتم سمیت دو مقامات پر ریسکیو، محکمہ جنگلات،پولیس اور مقامی افراد آگ بجھانے میں دو روز سے مصروف ہیں۔آگ تیزی سے آبادی کی طرف بڑھ رہی ہے تاہم آگ سے آبادی کو محفوظ بنایا جارہا ہے۔ تحصیل بریکوٹ کے علاقے ملکی دم ، تحصیل کبل کے علاقے بالاسور اور تحصیل خوازہ کے بینے بابا کی پہاڑی پر بھی آگ لگ گئی ہے جسے بجھانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق سوات میں یکم جون سے اب تک 72 کے قریب مقامات پر آگ لگ چکی ہے ،68مقامات پر آگ پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ4 مقامات پر آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔