پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 19ء بحال،سرکاری افسر بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹر مقرر

13 جون ، 2022

لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 بحال کر دیا۔8 جون 2022 کو لوکل گورنمنٹ آرڈیننس ختم ہو گیا تھا۔ تمام اضلاع میں مقامی حکومتوں کے ایڈمنسٹریٹرز بھی مقرر کر دئیے گئے ہیں ۔ ایڈمنسٹریٹر کمشنر، DC، ADLG اور ADCRہوں گے ، کیپٹن عثمان لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر بن گئے ، ایڈمنسٹریٹرز ایکٹ 2013کے مطابق اختیارات استعمال کر یں گے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے ایڈمنسٹریٹرز ڈویژنل کمشنراور ڈسٹرکٹ کونسلز کے ایڈمنسٹریٹرز ڈپٹی کمشنر ہوں گے۔ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور گجرات کے ایڈمنسٹریٹرز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو ہوں گے۔ اسسٹنٹ کمشنرز تحصیلوں اور ٹاؤنز کے ایڈمنسٹریٹرز ہوں گے۔ یونین کونسلز کی سطح پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ایڈمنسٹریٹرز مقرر کیا گیا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ایڈمنسٹریٹر اب ڈپٹی کمشنر شیرعلی چٹھہ کی بجائے کمشنر لاہور کیپٹن عثمان ہوں گے۔میونسپل کارپوریشن مری کے ایڈمنسٹریٹر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مری ہوں گے ۔ اسی طرح لاہور کی تحصیل سٹی، رائیونڈ، ماڈل ٹائون، شالیمار، کینٹ، میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ایڈمنسٹریٹر ہوں گے۔ایڈمنسڑیٹرز وہ تمام اختیارات استعمال کریں گے جو مئیر ، ڈپٹی مئیر ، چئیرمین وائس چئیرمین کے پا س ہوتے ہیں۔