نون لیگ کے پاس اکثریت ہی نہیں بجٹ کیا پیش کریں گے،پرویزالٰہی

13 جون ، 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نون لیگ کے پاس اکثریت ہی نہیں تو بجٹ کیا پیش کریں گے،ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، وفاقی حکومت پٹرول اور گیس مزید مہنگی کرنے جارہی ہے،ہم سیسہ پلائی دیوار کے طور پر عمران خان کے ساتھ ہیں،وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے جارہی ہے، ان کا یہاں پوسٹمارٹم ہوگا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے اتحادی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے، نون لیگ والے اپنی اوقات میں رہیں، اپنا گریبان بھی جھانکتے رہا کریں اچھا ہوتا ہے۔ بجٹ اجلاس میںگڑ بڑ کے امکان پر پوچھے گئے سوال پرانہوں نے کہا کہ ان کی تو عقل ماری گئی ہے، حمزہ شہباز نہیں یہ سب کچھ پولیس چلارہی ہے، اب پولیس سٹیٹ بن چکی ہے۔ اسمبلی کا وہ عملہ جنہوں نے بجٹ کی تیاری کرنی ہے، ان کو ہی پولیس اٹھالے گی تو پھریہ کیا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں تھے تو بھینس چوری کے مقدمے سمیت سو سے زائد مقدمات قائم کیے گئے، انہیں مشورہ دیں کہ بھینس چوری کا بھی مقدمہ درج کرادیں۔