فنانس بل اور وفاقی بجٹ جون کے تیسرے ہفتے میں منظور کرانیکا پلان

13 جون ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) فنانس بل 2022ء جون کے تیسرے عشرے میں وفاقی میزانئے کے ساتھ منظور کرانے کا پلان بنا لیا گیا ہے۔ سینٹ کی طرف سے آنیوالی سفارشات کے اہم پوائنٹس کو قومی اسمبلی بجٹ اور فنانس بل منظور ہونے سے پہلے اُن میں شامل کریگی۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل وفاقی بجٹ اور فنانس بل کی تیسری خواندگی کے اختتام پر اپنے خطاب میں سینٹ کی آئی ہوئی سفارشات جو وہ بجٹ میں شامل کرینگے‘ اُنکی تفصیل بتائیں گے۔ بجٹ منظوری کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف فنانس بل 2022ء اور وفاقی بجٹ کی آئینی منظوری کیلئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو وزارت پارلیمانی امور اور وزیراعظم آفس کی وساطت سے بھجوا دیں گے۔ صدر کی طرف سے قومی اسمبلی کے منظور شدہ فنانس بل پر اسی روز دستخط روایتی انداز میں ہو جاتے ہیں‘ اگر اس پر بھی ایوان صدر نے اعتراض لگا کر واپس کیا تو فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر وفاقی بجٹ اور فنانس بل 2022ء کی آئین کے تحت منظوری لیکر اسے یکم جولائی 2022ء سے نافذ کر دیا جائیگا۔