یونانی جزیرے پر شہد کی مکھیوں سے ذہنی مریضوں کی مدد

13 جون ، 2022

لیروس، یونان (اے ایف پی) یونانی جزیرے پر شہد کی مکھیوں سے ذہنی مریضوں کی مدد، مریض پیشہ وارانہ تکمیل کیساتھ تھراپی کو یکجا کرنیوالے دو دہائیوں کے پروجیکٹ کا حصہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یونان کے لیروس جزیرے کی بندرگاہ کے نیلے نیلے پانیوں کی اونچائی پر واقع پہاڑی پر حفاظتی پوشاک میں کارکنوں کا ایک چھوٹا گروپ شہد کی مکھیاں پالنے کے مصنوعی خانے میں دھواں دینے میں مصروف ہے لیکن یہ مکھیاں پالنے والے عام افراد نہیں۔ ان میں سے کچھ قریبی نفسیاتی اسپتال کے مریض ہیں جو پیشہ وارانہ تکمیل کے ساتھ تھراپی کو یکجا کرنے والے دو دہائیوں کے پروجیکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ پراجیکٹ منیجر اینڈریاس جارجیا نے وضاحت کی کہ لیروس میں سماجی کوآپریٹو، جو ایک سابقہ ​​بیرکوں میں واقع ہے جسے کیسرما اسٹیٹ کہا جاتا ہے، یونان میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ کوآپریٹو کا مقصد نفسیاتی مسائل سے دوچار افراد کو سماجی اور پیشہ وارانہ طور پر مربوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے ذریعے وہ خود داری اور اور خود اعتمادی حاصل کرتے ہیں۔ اسٹیٹ کے کھیتوں پر مریض شہد کی مکھیوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور ان کی اعلیٰ معیاری خوراک کاشت کرتے ہیں۔ جارجیا کا کہنا ہے کہ یہ شہد کی مکھیوں کی جنت ہے۔ لیپیڈا میں، بندرگاہ کے جنوب میں، ملازمین شہد کو پیک کرتے اور اس پر لیبل لگاتے ہیں، اور نفسیاتی اسپتال کے اندر مخصوص کمروں میں جڑی بوٹیاں خشک کرتے ہیں۔ اس کے بعد اسٹیٹ کی پیداوار کو جزیرے کے مختلف مقامات پر فروخت کیا جاتا ہے۔ 60 سالہ مریض آرٹیمس کا کہنا ہے کہ میں یہاں جو کرتا ہوں مجھے پسند ہے، یہ روح کے لیے ایک حقیقی راحت ہے۔اس کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہاں ہر ممکن حد تک روایتی اور خالص رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔