توقع ہے رواں سال پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا،جرمن سفیر

13 جون ، 2022
اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان میں جرمن سفیر برن ہارڈ شلاگیک نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کی
شرائط پورا کرنے کی کوششوں کے پیش نظر اس بات کی توقع کی جاسکتی ہے رواں سال پاکستان گرے لسٹ سے باہر نکل جائے گا۔ پاکستان کو دیئے گئے جی ایس پی پس سٹیٹس میں تجدید کا امکان پوری طرح موجود ہے۔ جرمنی بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی فکرمند ہے،جرمن سفیر نے اتوار کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جرمنی بھارت کو بھی انسانی حقوق پر عملدرآمد کی یقین دہانی کراتا رہتا ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ پاکستان میں ایسا تاثر موجود ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کیلئے بھارتی لابی سرگرم ہے جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں پاکستان کے یہ خدشات درست نہیں ہیں کیونکہ FATF کی جانب سے کسی ملک کو پابندیوں کی لسٹ میں شامل کرنا یا خارج کرنا خالصتاً ایک ’’تکنیکی عمل‘‘ ہے جو معروضی حالات و واقعات کو دیکھ کر کیا جاتا ہے یہاں ایک اجتماعی فورم پر کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جاتا ہے کوئی اکیلا ملک اس کے فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہوسکتا۔ جرمن سفیر نے تجویز کی ’’ FATF‘‘ ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ پاکستان کی طرف سے شرائط کو پورا کرنے اور منی لانڈرنگ اور دیگر مسائل کو روکنے کیلئے کوششیں کی گئی ہیں۔ جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ توہین رسالت کے قانون کو ختم کرنا عملی طور پر ممکن نہیں لیکن اس کے غلط استعمال کو بہرصورت روکنا ہوگا ، انہوں نے تجویز دی کہ پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ ساتھ ارکان پارلیمنٹ کو بھی یورپی پارلیمنٹ کے ارکان سے ملاقات کرنی چاہئے تاکہ GSP+ کے حوالے سے غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے۔