گوادر ایئرپورٹ سے آزمائشی پروازوں کا آغاز دسمبر میں ہو جائے گا

13 جون ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بلوچستان کے ساحل پر واقع گوادر شہر کے نئے ہوائی اڈے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آزمائشی پروازوں کا آغاز رواں برس دسمبر میں ہو جائے گا۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر تعمیراتی کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔50 ارب روپے سے زائد (246ملین ڈالر) کی لاگت سے نیا گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ 4 ہزار 300 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ ستمبر 2023 کی ڈیڈلائن سے قبل آپریشنل ہوجائے گا۔ حکومت نے گوادر میں 50 بیڈز کے پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال کو 150 بیڈز کے سٹیٹ آف دا آرٹ میڈیکل سینٹر میں تبدیل کردیا ہے تاکہ علاقے کے رہائشیوں کو آئندہ برس جنوری سے صحت کی مفت سہولیات میسر ہوں۔ گوادر کے پرانے قصبے کی بحالی کے لئے 67 فیصد وسائل وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ بلوچستان کی حکومت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت بقیہ اخراجات برداشت کرے گی۔ ان ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت پانی کی نکاسی، فراہمی اور تقسیم کے منصوبوں کو جلد مکمل اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔