ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، شارٹ فال 4662میگاواٹ

13 جون ، 2022

لاہور / کراچی (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز )ملک بھر میں تعطیل کے روز بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری رہی جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات درپیش رہیں، کئی علاقوں میں پانی کے بحران کی وجہ سے لوگ بوند بوند کو ترس گئے ،گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے فیملیاں نہر اور کھالوں پر پہنچ گئے، کراچی میں 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا ، لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں کے الیکٹرک کے اعلان کردہ 3 گھنٹے نہیں بلکہ 6 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے،اسکے علاوہ رات گئے بھی شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب رہے۔تفصیلات کے مطابق چھٹی کے روز بھی بجلی کی طلب اور رسد میں خلیج ختم نہ ہو سکی اورشارٹ فال 4ہزار 662میگاواٹ رہنے کی وجہ سے سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، گزشتہ روز راولپنڈی کے بعض علاقوں میں صبح ساڑھے سات بجے غائب ہونے والی بجلی دن بارہ بجے کے بعد آئی جبکہ معمول کے مطابق شہری علاقوں میں چارسےآٹھ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں دس ، دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو پانی کے حصول میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،اتوار کو جاری اعداد و شمار کے مطابق پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 838 میگاواٹ ہے اور بجلی کی کل طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ ہے،پانی سے 4 ہزار 930 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔