چیف آف آرمی سٹاف انٹرکلب ہاکی چیمپئن شپ ُ‘فائنل جناح ہاکی کلب نے جیت لیا

13 جون ، 2022

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر ) چیف آف آرمی سٹاف ہاکی کپ جناح کلب نے جیت لیا ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد کردہ چیف آف آرمی سٹاف انٹرکلب ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل میچ جناح ہاکی کلب اور نشتر ہاکی کلب کے مابین گزشتہ روز شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا جو کہ جناح ہاکی کلب نے 7 - 0 سے جیت لیا.فاتح ٹیم کی طرف سے حمادعلی نے تین ، آصف بیگ نے دو ,جبکہ حارث اور عثمان نے ایک ایک گول کیا۔ اس ٹورنامنٹ میں اسلام آباد کے تمام سولہ رجسٹرڈ کلبز نے بھرپور حصہ لیا۔سیمی فائنلز میں جناح کلب نے کری کلب کو اور نشتر کلب نے اسلام آباد ٹائیگرز کو ہرا کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر سید غفران شاہ نے تقسیم انعامات سے پہلے ٹورنامنٹ کی رپورٹ پیش کی۔ فائنل کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اقدس نوید ملک نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی دی اور انعامات تقسیم کیے۔