پاکستان انٹر نیشنل والی بال ٹورنامنٹ کی میزبانی کریگا‘بھارت کی شرکت متوقع

13 جون ، 2022

کراچی( نصر اقبال،نما ئندہ جنگ) رواں سال اکتوبر میں پاکستان انٹر نیشنل والی بال ٹور نامنٹ کی میزبانی کرے گا جس میں توقع ہے کہ بھارت کی ٹیم بھی حصہ لے گی، پاکستان والی بال فیڈریشن کے مطابق ایونٹ 10سے16اکتوبر تک اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے علاوہ بھارت، ایران، قازقستان، سری لنکا، ازبکستان، آذر بائیجان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں حصہ لینگی۔ بھارت کے والی بال حکام نے اپنی ٹیم کو ایونٹ میں شر کت کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کھیلنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ،پاکستان والی بال فیڈریشن نے اس ایونٹ میں اپنی دو ٹیموں کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے، انٹر نیشنل ایونٹ کی میزبانی عالمی فیڈریشن نے دی ہے جس کے لئے پاکستان والی بال فیڈریشن نے حکومت سے رابطہ کرلیا، ان کا کہنا ہے کہ جلد ہی بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری اور پی ایس بی کے حکام سے ملاقات کر کے انہیں ٹور نامنٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا ۔