وفاقی بجٹ میں لگایا گیا پراپرٹی ٹیکس واپس لیا جائے، ندیم رؤف

13 جون ، 2022

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی )راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم رؤف اور گروپ لیڈر و سابق صدر سہیل ا لطاف نے گزشتہ روز اپنے ایک مشترکہ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں لگایا گیا پراپرٹی ٹیکس واپس لیا جائے، ٹیکس اقدامات سے کنسٹرکشن انڈسٹری متاثر ہو گی، چالیس سے زائد صنعتیں اس شعبے سے جڑی ہوئی ہیں، کنسٹرکشن کا شعبہ جمود کا شکار ہو جائے گا، معیشت سکڑ جائے گی اور بیروزگاری میں اضافہ ہو گا۔انہوںنے کہا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کی کثیر تعداد کنسٹرکشن سیکٹر میں سرمایاکاری کرتی ہے، مجوزہ اقدام ملک میں ڈالر بھیجنے والوں پر ٹیکس لگانے کے مترادف ہے، ملک میں بیرونی سرمایاکاری لانے اور انوسٹرز کا اعتماد بحال کرنے کے لیے پراپرٹی ٹیکس پر نظرثانی کی جائے، رینٹل انکم پر مجوزہ ٹیکس سے پراپرٹی مالک اور کرائے دار کے درمیان تنازعہ بڑھے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ فیئر ویلیو ایسسمنٹ پر ٹیکس آفیسر کو وسیع اختیارات دیئے گئے ہیں جس سے خدشہ ہے کہ آفیسر اختیارات سے تجاوز کر ے گا اور رشوت کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے مزید مراعات دی جائیں