لائیوسٹاک دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لی اقدامات کررہاہے ،ڈاکٹر سرفراز

13 جون ، 2022

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) ڈائریکٹرلائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر سرفراز احمد چٹھہ نے کہاکہ دودھ اور گوشت کی ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے زیادہ پیداواری صلاحیت کے حامل مویشیوں کی مصنوعی افزائش نسل کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں ، لائیوسٹاک پنجاب دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے کئی اقدامات کررہاہے ، اس ضمن میں لائیو سٹاک افسران و سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختلف النوع پروگرامز منعقد کیے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرلائیو سٹاک راولپنڈی نے زیادہ پیداوار کے حامل اعلی نسل کے مویشیوں کی مصنوعی افزائش کے ضمن میں لائیو سٹاک ڈائریکٹوریٹ راولپنڈی ڈویژن میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ارشد لطیف ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک راولپنڈی ڈاکٹر نوید سحر زیدی ، ریجنل کیٹل کنزرویشن ماہرین و دیگر سپروائزری سٹاف موجود تھا ۔ ریجنل کیٹل کنزرویشن ماہرین نے بریڈ امپروومنٹ پروگرام پنجاب کے خدوخال پر روشنی ڈالی اور بل مدر سکیم کے تحت زیادہ پیدواری صلاحیت کے حامل اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی مصنوعی افزائش نسل بارے ضروری اقدامات سے آگاہ کیا ۔