بزنس طبقہ بجٹ میں لگنے والے ٹیکسز کے بوجھ کا متحمل نہیں ہو سکتا ‘چوہدری مظہر

13 جون ، 2022

اسلام آباد (نیو ز رپورٹر)ایگزیکٹو ممبر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن چوہدری مظہر نے کہا ہے کہ بزنس طبقہ بجٹ میں لگنے والے ٹیکسز کے بوجھ کا متحمل نہیں ہو سکتا فائلر پر ٹیکس ایک فیصد، گین ٹیکس دورانیہ کم اور پراپرٹی سیکٹر کو مزید سہولیات دی جائیں. انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری معیشت کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ اس انڈسٹری کے بہتر فروغ پانے سے پچاس سے زائد دیگر صنعتوں کا کاروبار ترقی کرتا ہے لیکن حکومت نے نئے بجٹ میں رئیل اسٹیٹ شعبے پر نئے ٹیکس عائد کر دیئے ہیں جس سے اس شعبے کی کاروباری برادری میں کافی تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ ان ٹیکس اقدامات سے یہ صنعت مشکلات کا شکار ہو گی اور بے روزگاری میں اضافہ ہو گا. انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر منقولہ جائیداد کے کیپٹل گین پر بھی ایک سال ہولڈنگ پیریڈ کی صورت میں پندرہ فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے جو بہت زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ فائلرز کیلئے جائیداد کی خرید و فروخت پر ایڈوانس ٹیکس کو ایک فیصد سے بڑھا کر دو فیصد کر دیا گیا ہمارا مطالبہ ہے کہ پراپرٹی سیکٹر سے یہ ٹیکسز واپس لیے جائیں.