سندھ پولیس کے مختلف شعبوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

14 جون ، 2022

کراچی ( ثاقب صغیر /اسٹاف رپورٹر )سندھ پولیس کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مختلف ڈیپارٹمنس کو اپ گریڈ کرنے کے لئیے رقم مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اس حوالے سے سندھ پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) اور اسپیشل برانچ سمیت مختلف ڈیپارٹمنس کو اپ گریڈ کر کے ان اداروں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنایا جائیگا۔بجٹ میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ ( ایس پی یو ) ،چائنیز سیکورٹی ،فارنر سیکورٹی اور سندھ پولیس کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا اور ان ڈیپارٹمنس کو بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے بھی بجٹ میں رقم مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈیپارٹمنس کی اپ گریڈیشن سے ان ڈیپارٹمنس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے اور دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔