بجلی، گیس مہنگی، انڈسٹری بند ہونے کا خطرہ، ہوزری مینوفیکچررز

14 جون ، 2022

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی حکومت کی طرف سے پیش کیا گیا بجٹ 23-2022ء ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لئے تباہ کن ہے،بجلی ،گیس مہنگی ، انڈسٹری بند ہونے کاخطرہ ہے،ملکی ٹیکسٹائل مصنوعات انڈیا، بنگلہ دیش اور ویت نام سے زیادہ مہنگی ہو گئیں تو کون خریدے گا ۔ یہ بات پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیفچوہدری سلامت علی نے کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے لئے یکم جولائی سے بجلی کی قیمت میں آٹھ روپے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے جبکہ گیس کی قیمت میں بھی 45 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ چوہدری سلامت کے مطابق اس اقدام سے عالمی منڈی میں پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات انڈیا، بنگلہ دیش اور ویت نام کے مقابلے میں بہت زیادہ مہنگی ہو جائیں گی۔