سعودی عرب میں کورونا شرح کم، احتیاطی تدابیر مزید نرم کردی گئیں

14 جون ، 2022

ریاض (شاہد نعیم / نمائندہ خصوصی) سعودی وزارت داخلہ نے کورونا کے احتیاطی تدابیر میں مزید نرمی کرتے ہوئے حرمین شریفین کے علاوہ بند مقامات(اِن ڈور) میں ماسک کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت نے یہ فیصلہ کورونا کی شرح میں کمی اور ویکسین شدہ افراد کی شرح میں اضافے کے باعث کیا ہے۔وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا کے انسداد کے لیے کام کرنے والے اداروں کی تجویز پر غور کرنے کے بعد حفاظتی تدابیر میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘ وزارت نے کہا ہے کہ ’مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے علاوہ تمام بند مقامات میں ماسک کی پابندی ضروری نہیں رہی۔ اس فیصلے سے استثنیٰ صرف ان اداروں یا پبلک ٹرانسپورٹ یا تقریب گاہوں کو ہوگا جو حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔’علاوہ ازیں فیصلے سے استثنیٰ کورونا کے انسداد کے لیے کام کرنے والے ادارے کی طرف سے جاری تجاویز پر ہوگا اگر وہ کسی مقام پر ماسک کی پابندی کو ضروری سمجھتے ہیں۔