آنکھ کے معمولی معائنے سے دل کے دورے کے امکانات کا پتہ لگایا جاسکتا ہے، تحقیق

14 جون ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آنکھ کے ایکمعمولی سے معائنے سے اور انسانی جسم کے حوالے سے دیگر اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد دل کے دورے کی پیشگوئی کی جا سکتی ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، محققین نے بتایا ہے کہ آنکھ کی پتلی کے گرد خون کی باریک نالیوں کے نمونوں کے مطالعے سے یہ پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ کسی بھی شخص میں دل کے دورے کے امکانات کتنے ہیں، تاہم اس کیلئے دیگر عوامل کو بھی مد نظر رکھنا ہوگا۔ ویانا میں جینی ٹکس کے حوالے سے سالانہ کانفرنس میں پیش کی جانے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ان تنائج تک پہنچنے کیلئے پانچ لاکھ افراد کے اعداد و شمار جمع کیے گئے۔ آنکھ کے معائنے کے ساتھ عمر، جنس، بلڈ پریشر، باڈی ماس انڈیکس اور تمباکو نوشی کی عادات کا بھی مطالعہ کیا گیا۔ تحقیق کے مطابق، دل کے دورے کیلئے اوسط عمر 60؍ سال ہوتی ہے اور اس عمر سے پانچ سال قبل آنکھ کا معائنہ کرکے بتایا جا سکتا ہے کہ امکانات کتنے ہیں۔