کمرشل امپورٹرز کے درآمدی خام مال پر انکم ٹیکس 4 فیصد وصول ہوگا

14 جون ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) کمرشل امپورٹرز جو بھی خام مال امپورٹ کرینگے اُن سے امپورٹ اسٹیج پر انکم ٹیکس کی وصولی دو فیصد سے بڑھا کر چار فیصد کر دی گئی ہے۔ اسکےنتیجے میں پاکستان میں خام مال سے بننے والی مصنوعات مہنگی ہو جائینگی۔ انکم ٹیکس ریونیو کے جو اقدامات فنانس بل میں تجویز کئے گئے ہیں ان سے ایف بی آر کو 30ارب روپے کا فائنل انکم اینڈ‘ سیلز ٹیکس وصول ہونے کا تخمینہ ہے۔ مرکزی انجمن تاجران پاکستان کے چیئرمین اجمل بلوچ کے مطابق پاکستان میں ریٹیلرز کی تعداد کم و بیش اسی لاکھ ہے جنہیں 30ہزار روپے ماہانہ تک کے بجلی کے بل پر 3ہزار روپے فائنل ٹیکس کی ادائیگی کرنا ہو گی۔ پچاس ہزار روپے ماہانہ کے بجلی کے بل پر 5ہزار روپے ماہانہ فائنل ٹیکس جمع کرانا ہو گا۔ ایک لاکھ روپےکے بجلی کے ماہانہ بل پر 10ہزار روپے سیلز ٹیکس‘ انکم ٹیکس فائنل ادا کرنا ہو گا۔ کار ڈیلرز اور قیمتی گھڑیاں وغیرہ فروخت کرنے والوں کو بجلی کے ماہانہ بل پر پچاس ہزار روپے ماہانہ فائنل انکم اور سیلز ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ پرائیویٹ فنڈڈ گریجویٹی اینڈ پنشن سکیمیں ٹی ای ای موڈ میں متعارف کرانے کی فنانس بل میں تجویز رکھی گئی ہے جس کیلئے ایمپلائرز کا کنٹری بیوشن الائونس پچاس فیصد ہوا کریگا۔ تیس کروڑ روپے سے اوپر سالانہ منافع کمانے والے امراء سے تخفیف غربت کیلئے 2فیصد ٹیکس لیا جائیگا۔ اس سے 38ارب روپے کی آمدنی ہو گی۔