یکم جولائی سے موبائل ٹرمینیشن ریٹس میں کمی، آف نیٹ کالز مزید سستی ہوجائینگی

14 جون ، 2022

اسلام آباد (ساجد چوہدری ) پی ٹی اے یکم جولائی سے موبائل ٹرمینیشن ریٹس (ایم ٹی آر) کو موجودہ 0.50 روپے سے کم کر کے 0.40روپے کررہا ہے جس سے آف نیٹ کالز مزید سستی ہو جائیں گی، موبائل ٹرمینیشن ریٹس وہ قیمت ہے جو سیلولر موبائل آپریٹر دوسرے موبائل آپریٹر سے اپنے نیٹ ورک پر اپنی آف نیٹ کالز کو ختم کرنے کے لئےلیتا ہے، ذرائع کے مطابق جولائی 2023 سے مزید کم کر کے 0اعشاریہ 30روپے کر دیا جائے گا، پی ٹی اے نے 24نومبر 2021کو ایم ٹی آر کی مذکورہ بالا شرحوں کا تعین جاری کیا اور ان ایم ٹی آر کا تعین پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت،بلتستان کے لئے دیگر موبائل نیٹ ورکس یا فکسڈ نیٹ ورکس سے موبائل نیٹ ورکس پر ہر قسم کی کالز (یعنی مقامی، دور کی اور بین الاقوامی آنے والی کالز) کے لئے کیا ، پی ٹی اے کا خیال ہے کہ ایم ٹی آرز کو کم کرنے سے صارفین کو زیادہ مسابقتی اور جدید پیشکشیں ملیں گی جیسے مفت منٹ آف نیٹ بنڈلز شامل ہیں۔