غیرملکی فنڈز سے چلنے والے ساڑھے 13 ارب ڈالر کے منصوبے مشکلات کا شکار

14 جون ، 2022

اسلام آباد ( کامرس رپورٹر ) غیر ملکی فنڈز سے چلنے والے ساڑھے 13ارب ڈالر کے منصوبے مشکلات کا شکار ہوگئے،وزیر قتصادی امور ڈویژن کی منصوبوں کے معاملات فوری حل کرنے اور فنڈز کی فراہمی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی،وزیر اقتصادی امور ڈویژن سردار ایاز صادق کی زیر صدارت غیر ملکی فنڈز سے بلوچستان میں چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیاگیا ، اجلاس کو بتایا گیا کہ اقتصادی امور کے تحت مجموعی طورپر معیشت کے مختلف شعبوں کے لئے 34ارب60کروڑ ڈالر کے غیر ملکی فنڈز سے ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں تاہم ان میں سے ساڑھے 13ارب ڈالر (39فیصد )کے منصوبے مختلف مسائل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انکو فنڈز کی فراہمی تاخیر سے ہورہی ہے، غیر ملکی فنڈز سے چلنے والے منصوبوں میں ایک ارب 10کروڑ ڈالر کے منصوبے بلوچستان میں ہیں جس میں 84کروڑ80لاکھ ڈالر کے منصوبے مسائل کا شکار ہیں ، وزیر قتصادی امور ڈویژن ایاز صادق نےمسائل کے شکار منصوبوں کے معاملات فوری حل کرنے اور فنڈز کی فراہمی تیز کرنے کی ہدایت کی ،انہوں نے کہا کہ خصوصاً بلوچستان کے دیرینہ عرصہ سے زیر التوا منصوبوں کا فوری حل بہت ضروری ہے ، بلوچستان کے زیر التوا ترقیاتی منصوبوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عمل درآمدی ا داروں اور شراکت داروں کی مانیٹرنگ کیلئے فوکل وزارتوں سے ہفتہ وار فالو اپ اجلاس یقینی بنائے جائیں گے۔