آسام، احتجاج پر پابندی،مسلمان رہنماؤں کی مظاہرے ختم کرنیکی اپیل

14 جون ، 2022

آسام / نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت میں مودی حکومت کی جانب سے گستاخانہ بیان کیخلاف احتجاج کو دبانے کی کوشش جاری ہے اور ریاست آسام میں مسلم اکثریتی اضلاع میں احتجاج پر پابندی لگادی گئی ہے ، کئی علاقوں میں دفعہ 144نافذ ہے ، بھارتی مسلمان رہنماؤں نے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کردی ہے اور مسلم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب کوئی اسلام کی توہین کرتا ہے تو ہر مسلمان کا ایک ساتھ کھڑے ہونا فرض ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ امن قائم رکھنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ جمعیت علمائے ہند نے مسلمانوں کے گھروں کی مسماری کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ کیرالہ میں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا جبکہ طلباء رہنما عائشہ رینا کے ساتھ تھانے میں نازیبا سلوک کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں حکومت کی جانب سے بی جے پی ترجمان کےگستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی آوازیں دبانےکی کوششیں جاری ہیں۔احتجاج کو روکنے کے لیے آسام کے تین مسلم اکثریتی اضلاع میں احتجاج پرپابندی اور امتناعی احکامات نافذ کردیئےگئے۔