پنجاب،ضمنی الیکشن میں عمران سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کرسکیں گے

14 جون ، 2022

اسلام آباد(محمد صالح ظافر) سابق وزیر اعظم عمران خان اگلے ماہ ہونے والے ضمنی الیکشن میں سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کرسکیں گے کیونکہ یہ انتخابات پنجاب کے ان اضلاع میں ہونگے جہاں سے پی ٹی آئی کے ارکان کی سیٹیں خالی ہوئی ہیں۔ ان ارکان نے حمزہ شہباز شریف کو وزیر اعلی کے لئے ووٹ دئے تھے۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے 20 حلقوں میں سے 18حلقوں پر پی ایم ایل ن کے ٹکٹ دئیے ہیں۔ جبکہ تحریک انصاف نے 18 حلقوں پر نئے امیدواروں کو اتارا ہے۔ اگر پی ایم ایل ن ان سیٹوں پر جیت جاتی ہے تو نومنتخب وزیر اعلیٰ باآسانی حکومت چلانے میں کامیاب ہوجائے گی۔ ان حلقوں سے جیت پی ایم ایل ن کے لئے دیگر امور میں بھی مفید ثابت ہوگی۔ اور یہ کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ مسائل میں گھر جائے گی۔ الیکشن کمشن نے وارننگ دی ہے کہ انتخابات کے لئے سرکاری وسائل استعمال کرنے کی صورت میں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جاسکتا ہے۔