یکم جولائی سے بجلی کی روزانہ لوڈ شیڈنگ 2گھنٹے تک ہوجائیگی

14 جون ، 2022

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی بجلی لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی کی صورتحال پر اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر خزانہ سمیت وزارت توانائی کے حکام نے شرکت کی۔ اس دوران وزیر اعظم کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔شہباز شریف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بجلی لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہوئی ہے، یکم جولائی سے بجلی کی روزانہ لوڈشیڈنگ 2 گھنٹے تک ہوجائے گی، بجلی کے بند کارخانوں کو چلایا جارہا ہے، رواں ماہ جون میں 5 ہزار 111 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی، 15 جون تک 5 پاور پلانٹس کے ذریعے 2871 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی، 16تا 24 جون تک 600، میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 16 تا 24 جون تک 3 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو گی، 25 سے 29 جون تک 1040 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔