PTI کا مہنگائی اور لاقانونیت کیخلاف آج ملک گیر احتجاج کا اعلان

19 جون ، 2022

اسلام آباد (جنگ رپورٹر، آئی این پی )پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے ایک ویڈیو پیغام میں آج بروز اتوار عمران خان کی کال پر مہنگائی اور لاقانونیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے ،جس میں عوام سے بالخصوص بڑے شہروں کے لوگوں سے احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی گئی ہے ،پیغام کے مطابق ملتان میں چوک شاہ عباس،کراچی میں شاہراہ قائدین ،لاہور میں لبرٹی چوک،فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر ،راولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ،پشاور میں ہشت نگری گیٹ ،اسلام آباد میں ایف نائن پارک میں احتجاج کیا جائے گا ،فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عوام مسلط کردہ حکومت کے خلاف نکل کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں،یہ احتجاج نئے انقلاب کی آواز ہوگا، انہوں نے کہاہے کہ مہنگائی،پٹرولیم مصنوعات اوربجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں لوگ اپنے بچوں کے ہمراہ نکلیں گے ، دوسری جانب فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر کہا کہ دفتر خارجہ کی طرف سے وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے ’’ مودی کے ساتھ تعلقات‘‘ قائم کرنے کے بیان کی تردید خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر ہو گا بلاول بھٹو اور حنا ربانی کو دفتر خارجہ کی اکیڈمی میں شارٹ کورس کروا دیا جائے تا کہ بلاول پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں سے روشناس ہوں۔