FATF جشن قبل از وقت، بہت کچھ ہوگیا کہنے سے گریز کریں، گرے لسٹ سے نکلنے میں ابھی ایک قدم دور ہیں، محتاط رہنا چاہئے، حکومت

19 جون ، 2022

اسلام آباد،کراچی (خبرایجنسیاں، نیوز ڈیسک )وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہاہےکہ ابھی تو گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہوا ہے لہٰذا فیٹف کے معاملے پر جشن منانا قبل از وقت ہوگا، یہ کہناکہ ’’بہت کچھ ہوگیا‘‘گریز کریں،گرے لسٹ سے نکلنے میں ابھی ایک قدم دور ہیں، محتاط رہنا چاہیے،جب کسی ملک کو گرے لسٹ سے نکالا جاتا ہے تو تکنیکی ٹیم کو دورہ کرنا ہوتا ہے،امید ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہوجائیگا، پاکستان کیخلاف ایک ملک کی کوششوں کے باوجود یہ کامیابی حاصل کی، پاکستان اس وقت دنیا کیلئے لیگل فریم ورک کی فراہمی کے حوالے سے ماڈل ہے، جن کو کریڈٹ چاہیے ہم ان کو تمغے بھی دینے کیلئے تیار ہیں، یہ پاکستان کی جنگ تھی کسی ایک شخص کی نہیں، ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہےکہ فیٹف میں کامیابی پرجنرل باجوہ کو مبارکباد، قوم کو مایوسی اور معاشی ابتری سے نکال کر تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی طرف واپس لائینگے۔گزشتہ روز وزیر مملکت برائےخارجہ امور حناربانی کھر نے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کے ہمراہ دفترخارجہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ابھی سے خوشی نہیں منانی چاہیئے کیونکہ ابھی تو فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نکلنے کے حوالہ سے پراسیسز شروع ہوئے ہیں اور آن سائٹ وزٹ ہونا ہے، یہ کرنے کے بعد بھی ہماراسفر تو جاری رہے گا کیونکہ ہم نے قانون سازی کو مضبوط بنانا ہے اورانتظامیہ کو مضبوط بنانا ہے،پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے تمام ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا، پاکستان گرے لسٹ سے باہر نکلنے کیلئے ایک قدم دور ہے۔ہم نے فیٹف کے ساتھ ہر بات چیت میں اس پر ہمیشہ زور دیا کہ فیٹف کو غیر سیاسی ، غیر جانبدار اورتکنیکی سطح پر کام کرنا چاہیے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ فیٹف یہ ایسے ہی اپنا کام جاری رکھے گا۔ پاکستان کے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے ہماری معیشت بھی بہتر ہو گی۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے جامع اصلاحات پر عمل درآمد کیا گیا، یہ ہماری کوششوں کا نتیجہ ہے، پہلا ایکشن پلان بہت طویل تھا لیکن یہ ایکشن پلان ہم نے مقررہ وقت سے قبل پورا کرلیا اور اس کو ایف اے ٹی ایف کے تمام اراکین نے تسلیم کیا اور پاکستان کی تیز رفتار پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا،وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت ایف اے ٹی ایف کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول پر کام کر رہا ہے دورے کی تاریخ مشترکہ گفتگو کے بعد طے کی جائیں گی، فیٹف کی ٹیم مشاورت کے بعد پاکستان آئے گی اور امید ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل کرلیاجائیگا، گرے لسٹ سے نکلنے سے پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ اب پاکستان کے ذمہ کوئی اقدامات زیرالتوا نہیں،ایک ملک ہمیشہ اس عمل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرتا ہے، مگر ہم کوئی منفی بات نہیں کریں گے،ہم پاکستان کو آگے دیکھنے کے خواہاں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت دنیا کیلئے لیگل فریم ورک کی فراہمی کے حوالہ سے ایک ماڈل ہے، آپ کو بدترین کے تیارہونا چاہیئے اورسب سے اچھے کی توقع رکھنی چاہیئے، یہ کام گزشتہ کئی سال کے دوران انجام دیا گیا ہے اور جس حکومت نے اس میں جتنا حصہ ڈالا ہے ہم اس کو اس کامیابی پر اتناحصہ دینا چاہتے ہیں،جن کو کریڈٹ چاہیے ہم ان کو تمغے دینے کے لئے بھی تیار ہیں، یہ پاکستان کی جنگ تھی کسی ایک شخص کی جنگ نہیں تھی۔دوسری جانب وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کو فیٹف کی شرائط پوری ہونے اور وائٹ لسٹ میں پاکستان کی واپسی کی راہ ہموار ہونےپر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ "ٹیم پاکستان‘‘ کو مبارک ہو جس نے پاکستان کے لئے کامیاب کاوش کی،گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے کی قومی کاوش کرنے والی تمام سول اور ملٹری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی مبارک دیتا ہوں، ان کی قیادت میں ٹیم کو یہ اہم کامیابی ملی،عسکری قیادت کو فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کے عمل پر مبارک، پاکستان کو حاصل ہونے والی اس بڑی کامیابی پر آپ کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو میں آرمی چیف کے قائم کردہ ’’کور سیل‘‘ نے پاکستان کی اس اہم کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا،اکتوبر میں فیٹف ٹیم کے دورے کے بعد پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکل جائے گا،گرے لسٹ سے پاکستان کا نکلنا نیک شگون ہے، آنے والے وقت میں پاکستان کو مزید کامیابیاں ملیں گی،جس ٹیم ورک اور جذبے سے گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کی کوشش ہوئی، یہی قومی کاوش معیشت کی بحالی کے لئے بھی کر رہے ہیں،قوم کو مایوسی، ناامیدی اور معاشی ابتری سے نکال کر تعمیر، ترقی اور خوشحالی کی طرف واپس لے کر آئیں گے۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے فیٹف کی شرائط مکمل ہونے پر پاکستان کی کامیابی پر تمام متعلقہ عہدیداروں کو فرداً فرداً ٹیلی فون کرکے مبارک دی ہے،وزیراعظم شہباز شریف نےبری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ٹیلی فون کرکے فیٹف کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے کے اعلان پر مبارک دی ۔