توانائی بچت کیلئے وزیراعلیٰ حمزہ کا بھی پنجاب میں کل سے بازار 9 بجے بندکرنے کا اعلان، شادی ہالز 10 بجے اور ریسٹورنٹس 11:30 بجے بند ہوں گے

19 جون ، 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ، جنگ نیوز،نیوز ایجنسیاں ) توانائی بچت کیلئے سندھ کے بعد پنجاب کے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے بھی کل سے بازار 9 بجے بند کرنے کا اعلان کردیا شادی ہالز 10 بجے ریسٹورنٹس 11:30 بجے بند ہونگے جبکہ فارمیسی، بیکری، پٹرول پمپس کو استثنیٰ ہوگا، صوبے بھر میں تمام بازار صبح جلد کھولیں جائیں گے،پنجاب حکومت نےصوبے بھر میں مارکیٹیں رات9بجےبندکرنےکانوٹی فکیشن جاری کردیا۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سےصوبے بھر کے تاجر رہنماؤں اور نمائندوں کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کے بعد اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب بھر میں مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند ہوں گے، ریسٹورنٹس رات ساڑھے 11 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ شادی ہالز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائےگی، ملاقات میں تاجر برادری نے توانائی بحران کے حل کیلئے حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ کاروباری مراکز جلد بند کرنے سے متعلق فیصلے پر عمل درآمد کل سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ کی شاپنگ کیلئے کاروباری مراکز کے اوقات کار کا از سر نو جائزہ تاجر برادری کی مشاورت سے لیا جائے گا۔صدر لاہور چیمبر نعمان کبیر نے کہا ہے کہ قومی مفاد کے فیصلوں پر ساتھ ہیں، بچت پلان پر عمل سے بجلی اور پیٹرول کی بچت ہوگی، اس وقت پٹرول اور بجلی بچانا قومی فریضہ ہے، عوام کم سے کم بجلی استعمال کریں۔دوسری جانب رات 9 کے بعد کون کون سی مارکیٹس بند کی جا سکتی ہیں وزیر اعلی کو رپورٹ پیش کر دی گئی۔صوبائی دارالحکومت میں 63 کمرشل مارکیٹس بند کرنے کی فہرست بنائی گئی ہے، کمرشل مارکیٹس میں رات 9 کے بعد کتنی بجلی استعمال ہو رہی رپورٹ پیش کر دی گئی، لاہور میں رات 9 بجے کے بعد کمرشل فیڈرز پر 361 میگا واٹ استعمال ہو رہے ہیں۔ذرائع لیسکو کی جانب سے پیک آورز میں کمرشل فیڈرز بند کرنے کی بات چل رہی ہے، وفاق کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں کمرشل فیڈرز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہور میں رات 9 بجے کے بعد مجموعی طور پر 63 مارکیٹس کو بند کیا جائے گا۔بند ہونے والی مارکیٹس میں ماڈل ٹائون لنک روڈ، میٹرو کیش اینڈ کیری، صدیق ٹریڈ سنٹر، سٹی ٹاور گلبرگ ،کلمہ ٹاور گلبرگ،پیس مال گلبرگ اور پارک لین بند ہو گی جبکہ فورٹریس سٹیڈیم، لبرٹی مارکیٹ، حفیظ سنٹر، گلشن راوی، انار کلی بھی فہرست میں شامل ہیں۔ایم ایم مالم روڈ،جوہر ٹائون، شادمان، کریم مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹس میں بجلی بند ہو گی۔