آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، پورا شیئر لیں گے، آصف زرداری

19 جون ، 2022

لاہور(سپیشل رپورٹر) پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وعدہ کرتا ہوں انشاء اللہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی، پورا شیئر لیں گے۔ حکومت کرنے کا موقع ملا تو پاکستان کو 110ڈگری بدلوں گا۔ اب پنجاب میں بیٹھوں گا اور سب سے ملکر کام کروں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےہفتے کے روز بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلزپارٹی کے عہدیداروں اورکارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا یہ کہنا کہ پنجاب اور گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی ختم ہو گئی ہے، سفید جھوٹ ہے۔ ہم نے اپنی سیاست کمزور کر کے پاکستان بچانے کی کوشش کی، انوکھے لاڈلے کی چار سالہ پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی ہے، یہ ہماری کب سنتے ہیں، جب ضرورت پڑتی ہے تب سنتے ہیں، کارکنوں کو بحریہ ٹاؤن آنے میں مشکل ہوتی ہے، گلبرگ شفٹ ہو رہا ہوں، پنجاب میں بیٹھنا اور کارکنوں کو عزت دینی ہے۔ لوگوں کو پتہ چلنا چاہیے پیپلز پارٹی کا صدر گلبرگ میں بیٹھا ہے۔ اشرف بارا کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ملاقات میں رانا فاروق سعید، ثمینہ گھرکی، اسلم گل، اسرار الحق بٹ، چودھری اشرف، فیصل میر، عزیز الرحمٰن چن، افنان صادق بٹ، رانا جمیل منج ،تنویر اشرف کائرہ، علامہ یوسف اعوان، صدر ڈسٹرکٹ تھری عاطف رفیق، امجد جٹ، حافظ غلام محی الدین، انجم بٹ، اشرف بارا، اسلم گڑا، نسیم صابر، مدثر شاکر، مانی پہلوان، صداقت شیروانی، ایڈون سہوترا، روبینہ سہیل بٹ، نادیہ شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔