PTIنے فیٹف پر کچھ نہیں کیا اس میں کردار اسٹیبلشمنٹ کا ہے، رانا ثناء اللہ

19 جون ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے اس پر ہمار ااحتجاج بھی ٹھیک تھا پی ٹی آئی کا بھی صحیح ہے، فیٹف کے معاملہ پر خوشی کی بات نہیں ہے ابھی تک ہمیں گرے لسٹ سے نہیں نکالا گیا ،پی ٹی آئی نے فیٹف پر کچھ نہیں کیا اس میں کردار اسٹیبلشمنٹ کا ہے، فیٹف سے متعلق قانون سازی کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے حکومت اور اپوزیشن کو ایک میز پر بٹھایا تھا، پی ٹی آئی کے لوگ کہتے ہیں عمران خان پاگل ہے اس کو کوئی چیز سمجھ نہیں آتی ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیاپاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر صحافی و معاشی تجزیہ کار مہتاب حیدر سے بھی گفتگو کی گئی جبکہ میزبان شہزاد اقبال کا تجزیہ بھی پروگرام میں شامل تھا۔ مہتاب حیدر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام بحالی کیلئے فیول کی سبسڈیز ختم کرنے کے ساتھ پی ڈی ایل لگانا اور پرسنل انکم ٹیکس بڑھانا تھا، حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو 47ارب روپے کا ریلیف دیا جو آئی ایم ایف معاہدے کے خلاف تھا، امید ہے اگلے ہفتے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان کچھ بات طے ہوجائے گی ، رانا ثناء اللہ نے کہا سیاسی مخالفین کو ایک سال میں سزائیں دلوانے کیلئے باقاعدہ منصوبہ بنایا گیا جس کے تحت ریٹائرڈ سیشن ججوں کو ہائیکورٹ کے ججوں کے برابر مراعات دے کر عدالتوں میں لگایا جانا تھا ، عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو محنت کر کے تقسیم کیا، ایک ٹرانسفر پوسٹنگ پر ایسے حالات پیدا کیے گئے جو ماضی میں کبھی نہیں ہوئے ،رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ فیٹف کے وفد کے دورے کے بعد ہمیں گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا ،یہ بڑی شرمندگی کی بات ہے ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا ہمیں اس پرا حتجاج کرنا چاہئے تھا، یہ پاکستان کے ساتھ زیادتی ہے، ہم نے سب کچھ کرلیا اس کے باوجود ہمیں گرے لسٹ سے نہیں نکالا گیا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مختلف ممالک سے پاکستان کے سفارتی تعلقات خراب کیے، اس کی وجہ سے پاکستان کے گرے لسٹ سے نہیں نکالا جارہا ہے، ہمارے پچھلے دور میں گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے وہ کام نہیں کیے گئے جو پچھلے دو ڈھائی سال میں ہوئے اس کا تمام کریڈٹ اسٹیبلشمنٹ کو جاتا ہے، آرمی چیف کا ذاتی کریڈٹ بھی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہاروس اور یوکرین جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھی ہیں۔میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ پہلے تحریک عدم اعتماد کی وجہ مہنگائی اور معاشی بحران کو قرار دیتی تھی لیکن اب مزید حقائق سامنے لارہی ہے، وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں حکومت لینے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ عمران خان کے ملک پر حملہ کرنے کے فاشسٹ پلان تھے جس سے اس میں سال کے آخر تک اپوزیشن قیادت کو نااہل ہوجانا تھا ، اہم رہنماؤں کو یہ خوف تھا کہ ن لیگی رہنما جیل جائیں گے اور نااہل ہوجائیں گے، ن لیگ کو یہ بھی معلومات دی جارہی تھیں کہ منی لانڈرنگ کیس میں شہباز اور حمزہ کو سزا ہوگی اور وہ بھی الیکشن سے باہر ہوجائیں گے، ایک اہم ن لیگی وزیر نے ہمیں بتایا کہ عمران خان کو گھر بھیجنے کی ایک وجہ اقتدار کی خواہش بھی تھی، ن لیگ چاہتی تھی کہ سوا سال ہی سہی لیکن اقتدار میں آنے کا یہ موقع نہیں چھوڑنا چاہئے۔