سازش کا ہر کردار اور ہدف آشکار، آج کے احتجاج میں آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کرینگے ،عمران خان

19 جون ، 2022

اسلام آباد،لاہور(جنگ نیوز،خصوصی رپورٹر ، سپیشل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سازش کا ہر کردار اور ہدف آشکار ہوگئے، آج کے احتجاج میں آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کرینگے، لٹیروں نے اپنی تجوریاں بچانے کیلئے ملک گروی رکھ کر عوام پر مہنگائی کا عذاب نازل کر دیا، اپنے لوگوں پر دن دیہاڑے ظلم برداشت نہیں کرینگے ۔چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت جماعتی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا، فیٹف سے نکلنے کیلئے بھرپور محنت کرنے اور پاکستان کو یہ سنگِ میل دلوانے پر سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو مبارکباد دی گئی اور فیٹف رابطہ کمیٹی کے اراکین اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ معیشت کی تباہی اور عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کرنے اور بجلی، تیل، گیس کی قیمتوں میں ملک گیر احتجاج پر غور،سازش سے مسلط نااہل، ناکارہ، نالائق، بے حس اور ظالم حکومت کی جانب سے اداروں کی تباہی اور کراچی میں ضمنی انتخابات سے عوام کی مکمل لاتعلقی اور ساکھ کے حامل پُرامن انتخاب کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی ناکامی اور بجٹ میں قبائلی اضلاع کے بجٹ میں 21 ارب کی کٹوتی اور قبائلی اضلاع کے 50 لاکھ شہریوں کو تحریک انصاف کے فراہم کردہ صحت کارڈ سے محروم کرنے کی اطلاعات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فاٹا کے انضمام کو رول بیک کرنے کی سازش کا بھی جائزہ لیا گیا اور ایسی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ کرپٹ بھگوڑے لیڈر کی سرپرستی میں حکومتی سطح پر سرکاری وسائل سے سماجی بہبود کے صفِ اول کے اداروں کیخلاف پراپیگنڈہ مہم کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں ، عمران خان نے کہا کہ وبا اور عالمی مہنگائی کے سامنے تحریک انصاف کی حکومت ڈھال بن کر اپنے لوگوں کو بچا رہی تھی، لٹیروں نے اپنی تجوریاں بچانے کیلئے ملک گروی رکھ کر عوام پر مہنگائی کا عذاب نازل کر دیا ۔ ظالم جبر اور طاقت سے عوام کو اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتے، پچھلے دو ماہ کے واقعات نے سازش کے ہر کردار اور اس کے اہداف پوری طرح آشکار کئے، بغیر تیاری کے سازش سے حکومت پر قابض ہونے والا لشکر اپنی چوری بچانے کیلئے قوم کا مستقبل داؤ پر لگا رہا ہے۔ خود کو اقتدار میں رکھنے کیلئے اداروں کو بدترین تباہی سے دوچار کیا جارہا ہے، تنبیہ کی تھی کہ سنبھلتی معیشت کو عدمِ استحکام سے دوچار کیا گیا تو حالات بے قابو ہوں گے۔ تحریک انصاف آج ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کرے گی ، ضلعی ہیڈکوارٹرز میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خطاب کیلئے بڑی سکر ینیں لگائی جائیں گئی، لاہور میں گلبرگ لبرٹی گول چکر میں سکرین لگائی جائے گی، انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے،عمران خان رات 10بجے قوم سے خطاب کرینگے ملک بھر میں ضلعی قیادت سینئر رہنما احتجاج کے موقع پر موجود ہو نگے۔ پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے ایک ویڈیو پیغام میں آج مہنگائی اور لاقانونیت کے خلاف ملک گیر احتجاج میں شریک ہونیکی اپیل کی ہے ،پیغام کے مطابق ملتان میں چوک شاہ عباس،کراچی میں شاہراہ قائدین ،لاہور میں لبرٹی چوک،فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر ،راولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ، پشاور میں ہشت نگری گیٹ ،اسلام آباد میں ایف نائن پارک میں احتجاج کیا جائے گا ، فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر کہا کہ دفتر خارجہ کی طرف سے وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے ’’ مودی کیساتھ تعلقات‘‘ قائم کرنے کے بیان کی تردید خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر ہو گا بلاول بھٹو اور حنا ربانی کو دفتر خارجہ کی اکیڈمی میں شارٹ کورس کروا دیا جائے تا کہ بلاول پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں سے روشناس ہوں۔