پاکستان ریلویز کا کرایوں میں ایک بار پھر 5سے 10فیصد اضافہ کا اعلان

19 جون ، 2022

لاہور ( جنرل رپورٹر )پاکستان ریلویز نے پیٹرولیم منصوعات میں تازہ اضافے کے بعد مسافر ٹرینوں ، لگیج وینوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں ایک بار پھر 5سے 10فیصد اضافہ کا اعلان کر دیا ہے جس کا اطلاق 21جون سے ہوگا ۔ گزشتہ روز جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت ریلویز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تازہ اضافے کے بعد چند دن کے وقفے سے ایک پھر تمام مسافرٹرینوں کی تمام کلاسز پر 5فیصد لگیج وینوں کے کرایوں میں 5فیصد جبکہ مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 10فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق 21جون سے ملک بھر میں ہو گا اس حوالے ریلوے حکام نے تمام متعلقہ ریزرویشن دفاتر اور ڈویژنوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے ۔