ضمنی انتخابات انتہائی اہم، یہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کرینگے،اسدعمر

19 جون ، 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات انتہائی اہم، اس نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کرنا ہے ۔ اگر پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ ہو گیا تو وزیر اعظم بھی نہیں رہے گا ۔ تحریک انصاف کو بارہ سے تیرہ نشستیں جیتنی ہونگی۔ عمران خان تمام ضمنی انتخاب کے حلقوں میں جلسے کریں گے۔یہ الیکشن نہیں فیصلہ ہونے والا ہے کہ پاکستان نے کس طرف جانا ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کی سینٹرل پنجاب میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے پارلیمینٹیرنز اور ٹکٹ ہولڈرز کی میٹنگ مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں ناجائز حکومت بیٹھی ہے ۔رانا ثناءاللہ کو پیغام دینا چاہتی ہوں اس طرح کرنے سے تحریک انصاف ختم نہیں ہو سکتی۔ووٹوں کی لسٹوں میں ردوبدل کر کے مشکل پیدا کر رہے ہیں ۔17 جولائی کو سینٹرل پنجاب کی چھ نشستیں تحریک انصاف کی ہونگی۔ سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ امیدواروں کو دفتری امور میں الجھانے کی بجائے کمپین پر توجہ دینی ہو گی ۔ ضمنی الیکشن کے لئے یوسی سطح پر کارکنوں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی ۔