کراچی ضمنی الیکشن میں تمام بوسیدہ جماعتوں کو شکست ہوئی،سعد رضوی

19 جون ، 2022

سکھر(بیورو رپورٹ) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ کراچی ضمنی الیکشن میں تمام بوسیدہ سیاسی جماعتوں کو شکست ہوئی، وائٹ واش کیا، مخالفین سے شکست برداشت نہیں ہوئی تو رزلٹ تبدیل کرادیا، ہم ہار گئے، یہ کہنا ایسے ہے کہ سورج نصف النہار پہ ہو اور کوئی کہے کہ سورج نہیں نکلا، وفاقی حکومت قوم کو تباہ کرکے امریکا و آئی ایم ایف کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے، یہ کبھی خوش نہیں ہونگے، جب بھارت ایران اور روس سے تیل لینے کی بات کرسکتا ہے تو ہمیں بھی آئی ایم ایف اور امریکا کے بجائے دیگر ممالک سے رابطے کرنے چاہئیں، بلدیاتی انتخابات میں لوگ باکردار امیدواروں کوکامیاب کرائیں تاکہ نظام باطل کیخلاف جدوجہد ہوسکے، وقت کے یزیدوں کے سامنے ہم حسینی کردار ادا کرینگے۔ وہ سکھر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرہے تھے۔ سعد حسین رضوی نے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ کراچی کے ضمنی الیکشن میں پہلے پولنگ کے عمل میں مداخلت کی گئی، ہمارے ورکرز نے جانثاری کا مظاہرہ کیا، پولنگ کا عمل جاری رہا، پھر رات کی تاریکی میں رزلٹ بدلا گیا، ہم 301پولنگ اسٹیشنز سے مسلسل جیت رہے تھے، آخری 8پولنگ اسٹیشنز سے ہمیں ہرایا گیا، آر ٹی ایس سسٹم کو ہیک کیا گیا، وہ شہری علاقہ جہاں مواصلات کا کوئی مسئلہ نہیں، مسترد ووٹوں کی بات کی جائے تو ایک تھیلے سے ہمارے 14درست ووٹ نکلے، دیگر سیاسی جماعتوں کے لوگوں نے ہنگامہ آرائی کی اور الیکشن کمیشن کے عملے نے وہ عمل روک دیا، دوبارہ گنتی کی درخواست بھی مسترد کی اور کہا کہ دوبارہ گنتی نہیں ہوسکتی کیونکہ درخواست درست نہیں۔ ہم نے عزم کیا ہے کہ عدالت میں جائیں گے اور اپنا حق منوائیں گے۔