فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے اہداف کی تکمیل،بلاول بھٹوکو کائرہ کی مبارکباد

19 جون ، 2022

لالہ موسیٰ( نامہ نگار سے) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت و بلتستان، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری قمر زمان کائرہ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے اہداف کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے دنیا کی نظریں دوبارہ پاکستان کی طرف مبذول کروا دی ہیں۔پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے تنہا کیا گیا تھا۔بلاول بھٹو کی دانشمندانہ ڈپلومیسی کی بدولت مشکل ترین معاشی حالات میں پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے سے ملکی ایکسپورٹ، معیشت پر دوررس نتائج مرتب ہونگے۔ اس میں کوئی شک نہیں اس وقت پاکستان کو معاشی طور پر مشکل صورتحال کا سامنا ہے، قومی قیادت متفقہ طور پر فیصلہ کررہی ہیں۔ جلد ملک و قوم کو مشکل حالات سے باہر نکال لیں گے۔