تینوں بڑی جماعتیں مہنگائی، بیروزگاری ،اداروں کی تباہی کی ذمہ دار،سراج الحق

19 جون ، 2022

لاہور (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تینوں بڑی جماعتیں ملک وقوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنانے، مہنگائی، بے روزگاری اور اداروں کی تباہی کی ذمہ دار ہیں۔ اگر حکمران جماعتیں اور اسٹیبلشمنٹ ملک کو گرے لسٹ سے نکالنے کا کریڈٹ لینا چاہتی ہیں تو پھر اس لسٹ میں دھکیلنے کی ذمہ داری بھی قبول کریں۔ملک کے جو اس وقت حالات ہیں اس کی ذمہ دار حکمران اشرافیہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر میں جرگہ اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبوں کا بجٹ ظالمانہ اور عوام دشمن ہے۔ بجٹ اور پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ عوام کو پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے کھوکھلے نعروں سے نجات دلائیں گے ، حکمرانوں کا اصل چہرہ قوم کے سامنے لائیں گے۔ امیرجماعت نے کہا کہ 25 جون کو حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف رحیم یارخان سے ٹرین مارچ کا آغاز ہو گا،تین روزہ مارچ کا اختتام راولپنڈی میں ہو گا جہاں عظیم الشان احتجاجی مظاہرے میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔