پنجاب ضمنی انتخابات، تحریک لبیک کے 6 نشستوں پر پارٹی ٹکٹ جاری

19 جون ، 2022

لاہور(خبرنگار) پنجاب اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں تحریک لبیک پاکستان نے 6 نشستوں پر پارٹی ٹکٹ جاری کردیے۔ تحریک لبیک پاکستان شمالی پنجاب کے نا ظم اعلیٰ علامہ غلام عباس فیضی کے مطابق پی پی 07 سے رانا منصور پی پی 140 سے جاوید اقبال کو جاری کیے گئے ہیں۔ اس طرح پی پی 158 سے بلال شیخ پی پی 167 سے حسنین احمد شہزاد پی پی 168 سے امجد عباسی پی پی 170سے ٹی ایل پی ضلع لاہور کے امیر علامہ جمیل احمد شرقپوری کو ضمنی الیکشن کے لیے پارٹی ٹکٹ جاری ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے 6 حلقوں کے لیے 47 امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں۔مجلس شوریٰ کے اراکین نے تمام امیدواران کے انٹرویوز کیے جس کے بعد پارٹی ٹکٹ کا اعلان کیاگیا۔ پنجاب اسمبلی کی ان خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب میں تحریک لبیک پاکستان کے یہ امیدوار ہونگے اور کرین جماعت کا انتخابی نشان ہے۔