مغربی تہذیبی یلغار کا ہدف امت مسلمہ کے نوجوان ہیں ، شیخ عقیل

21 جون ، 2022

ہلمت(جنگ نیوز) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے قائم مقام امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دینی مدارس عالم اسلام کے قلعے ہیں۔ عالمی طاقتیں مسلمانوں کے اسلامی تشخص کو مٹانے کے در پے ہے۔ امت کو اپنے خاندانی نظام کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا والدین اپنے گھروں میں اسلامی ماحول قائم کریں اپنی اولاد کی راہنمائی کریں اور ان کے سرگرمیوں سے باخبر رہیں ۔مغربی تہذیبی یلغار کا ہدف امت مسلمہ کے نوجوان ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مدرسہ احیاء اسلام کے زیر اہتمام دستار فضلیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منتظم ادارہ حبیب اللہ بٹ ،قاضی شاہد حمید،مولانا الطاف،ممتاز حسین پائرسمیت دیگر علماء کرام نے خطاب کیا۔ شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج اس عظیم درسگاہ سے حفاظ کرام فارغ ہو رہے ہیں ان کے والدین اور اہل علاقہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور یہ ساری ویلی پاکستان میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہے۔ وادی نیلم ایسا زرخیز علاقہ ہے کہ پاکستان کے کسی مدرسے میں جائیں تو آپ کو یہاں کے طلبہ ملیں گے جو یہاں کے عوام کی دین کے ساتھ والہانہ وابستگی کا مظہر ہے ۔