حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے فنڈز فراہم کرے،سردار یعقوب

21 جون ، 2022

راولاکوٹ(آئی ا ین پی)سابق صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لیے شاہرات اہم کردار ادا کر رہی ہیں، آزاد کشمیر کے مشہور سیاحتی مقامات کی شاہرات کو جلد از جلد پایا تکمیل تک پہنچایا جائے، حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے ان شاہرات کے لیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ سیاحوں کو بہتری سفری سہولیات میسرآسکیں اور مقامی طور پر نوجوانوں کو بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ راولاکوٹ و گردونواح میں عوام علاقہ ان شاہرات کی تعمیر کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ فی الفور سیاحتی مقامات سمیت دیگر تمام سڑکوں کے ٹینڈر جاری کرکے انہیں پایا تکمیل تک پہنچایا جائے۔ عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شاہرات کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔ آزاد کشمیر قدرتی حسن سے مالا مال خطہ ہے۔ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو تمام سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وبربریت کی بھی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار گذشتہ1050دنوں سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر لاک ڈاون کی صورت میں ظلم وجبر کر رہی ہے، باوجود اس کے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکا ،کشمیری اپنے حق کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔