عمران خان الیکشن کمیشن میں جھوٹی دستاویزات جمع کراتے رہے، اکبر ایس بابر

21 جون ، 2022

اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ ہم اس موڑ پر ہیں کہ الیکشن کمیشن تاریخ رقم کرسکتا ہے، عمران خان ہر سال الیکشن کمیشن میں جھوٹی دستاویزات جمع کراتے رہے، پاکستان کی معیشت اس لیے ڈوبی کہ باصلاحیت قیادت نہیں تھی، باصلاحیت قیادت سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے، حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں آئی ایم ایف پر بھروسہ نہ کریں، حکومت معیشت کی بحالی کیلئے پلان بی اور پلان سی بنائے۔ الیکشن کمیشن کے بابر اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن میں آج ہمیں جواب الجواب دینے کا موقع ملا۔ آج ہمارے فنانشل ایکسپرٹ مختصر وقت لیں گے، اس کے بعد الیکشن کمیشن ہمیں معاونت کیلئے بلا سکتا ہے۔ آج ایک تاریخی دن ہوگا، الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کو ریگولیٹ کرتا ہے، ہمسایہ ملک میں بھی انتخابات میں بلوے ہوتے تھے، ہمسایہ ملک کے چیف الیکشن کمشنر نے قانون کو لاگو کیا۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ حقائق سامنے نہ آئیں، پی ٹی آئی کی درخواستوں کا مقصد تھا اکبر ایس بابر کو کیس سے الگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو پتہ ہے کہ حقائق سے صرف میں آگاہ ہوں، عمران خان ہر سال الیکشن کمیشن میں جھوٹی دستاویزات جمع کراتے رہے۔ انکا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت اس لیے ڈوبی کہ باصلاحیت قیادت نہیں تھی، باصلاحیت قیادت سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں آئی ایم ایف پر بھروسہ نہ کریں، حکومت معیشت کی بحالی کیلئے پلان بی اور پلان سی بنائے۔ اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اس کیس میں کیا فیصلہ کرتا ہے یہ ان کی صوابدید ہے، ہم اس موڑ پر ہیں کہ الیکشن کمیشن تاریخ رقم کرسکتا ہے۔