پاکستان میں کورونا پھر سر اٹھانے لگا،171نئے کیسز ریکارڈ

21 جون ، 2022

اسلام آباد(این این آئی) پاکستان کے مختلف شہروں میں کورونا مثبت کیسز کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہوگیا۔قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 171 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے ،ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ پانچ تین فیصد ریکارڈ کی گئی۔این آئی ایچ کے مطابق صوبہ سندھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح مجموعی طورپرپانچ فیصد ہوگئی ہے،کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10.08 اورحیدرآباد میں 16.67 ریکارڈ کی گئی،اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح 2.27فیصد جبکہ لاہور میں ایک فیصد ریکارڈ کی گئی۔میر پور آزاد کشمیر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5.26 ، مردان میں 3.39 فیصد اورایبٹ آباد میں 1.2 فیصد رہی۔قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم کورونا وائرس میں مبتلا 57 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے،اس دوران کورونا کے 11 ہزار212 ٹیسٹ کئے گئے۔