مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردیجاری،مزید3 نوجوان کو شہید

21 جون ، 2022

سرینگر(این این آئی، کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں مزید تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے دو نوجوانوں کو ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں جاری محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔فوجیوں نے ایک اورنوجوان کو ضلع پلوامہ کے علاقے چٹہ پورہ میں اسی طرح کی ایک کارروائی کے دوران شہید کر دیا۔آخری اطلاعات آنے تک دونوں علاقوں میں فوجی آپریشن جاری تھے۔بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے پیر کے روزمقبوضہ جموں و کشمیر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے اورکئی افراد کو گرفتار کرلیا۔ این آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پولیس اور پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی مدد سے 11مارچ2022کو دراس گڑھ پلوامہ میں بھارتی فورسز پر حملے سے متعلق ایک کیس کے سلسلے میں چھاپے مارے۔ این آئی اے نے جنوبی کشمیر میں جاری چھاپوں کے دوران کئی لوگوں کو گرفتار کرلیا۔