پاکستان میں مہنگائی و لوڈشیڈنگ ،پی ٹی آئی کانوازشریف کی رہائش گاہ پرمظاہرہ

21 جون ، 2022

لندن (سعید نیازی) پاکستان میں مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان کی طرف سے دی گئی احتجاج کی کال کے بعد اتوار کو پی ٹی آئی لندن نے بھی مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہرمظاہرہ کیا۔مظاہرین ہائیڈ پارک کارنر پرجمع ہوئے، جہاں رہنمائوں نےخطاب کیا، جس کے بعد وہ ایون فیلڈ پہنچے۔ مظاہرین مسلسل موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری، بیرسٹروحیدالرحمٰن، انیلہ بٹ، میاں سعید، مسٹرسیف اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کر رہی ہے لیکن ہمارےکارکن گھبرانے والے نہیں اور وہ اس امپورٹڈ حکومت کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بحران کے حل کیلئے فوری شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت مہنگائی کا بہانہ بنا کر عمران خان کی حکومت کو ختم کیا گیا لیکن اب مہنگائی اس سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کےکارکن اپنے لیڈر عمران خان کی کال کے منتظر ہیں، انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے وطن کے معاشی حالات کے سبب گہری تشویش ہے۔ جبکہ عمران حکومت کے دوران تمام معاشی اشارے مثبت تھے۔ بعض افراد نے کہا کہ کارکنوں کو امید نہیں چھوڑنی چاہئے اورہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بھی کچھ نہیں ملے گا اس لئے انہیں اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔ چند نے کہا کہ فوری انتخابات کااعلان کرکے اس حکومت کو لانے والوں کا بھی احتساب کیا جائے۔