مہنگائی کے اثرات ، کتابوں،کاپیوں اور سٹیشنریزکی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ

21 جون ، 2022

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان میں حالیہ مہنگائی کی لہر نے کاغذ کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیا ہے جس سے والدین ، طلبہ کے ساتھ دکاندار اور تاجران بھی پریشان ہیں ۔ اردو بازار انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز نے جنگ کو بتایا کہ کاغذمل مالکان نے انڈسٹری پر اجارہ داری قائم کر رکھی ہے اور کاغذ کی قیمتوں میں غیر حقیقی اضافہ کر دیا ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے تناسب سے کاغذ کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ کاغذ کی قیمت میں 200 فی صد تک اضافہ کر دیا گیاہے ۔ 25 سے30 روپے میں ملنے والی کاپی 100 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ کتب کی قیمتیں بھی کئی گنا بڑھ گئی ہیں ۔ 200 میں ملنے والی کتاب اب 500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ایسے اقدامات سے تعلیم عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو جائے گی۔