پنجاب رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ شروع کیا جائیگا، اویس لغاری

21 جون ، 2022

لاہور( نمائندہ جنگ)صوبائی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے دیہی علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے محکمہ بلدیات سے جامع پلان طلب کر لیا، صوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ مسرت جبین نے پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نام سے منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں کو مستقل صاف رکھنے کے لیے مؤثر پلان پر عمل ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ 4ہزار410 دیہات میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے جلد منصوبے کا آغازکیا جا رہا ہے اور 3کروڑ آبادی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام سے مستفید ہو گی، انہوں نے کہا کہ 10ہزار سے زائد اضافی سینیٹری ورکرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بڑے اور چھوٹے شہروں سمیت دیہی علاقوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے، عوام تعاون سے پھر سے پنجاب کو صاف بنائیں گے۔