اسلام آباد ہائیکورٹ، شیخ رشید اور اسد قیصرکی عبوری ضمانت میں توسیع

21 جون ، 2022

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمداورسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے توہین مذہب کیس میں پی ٹی آئی رہنمائوں کی دیگر درخواستوں کیساتھ یکجاکرنے کی ہدایت کردی ہے، چیف جسٹس اطہرمن اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے سوموار کے روز سماعت کی تو سابق وفاقی وزیرکے بھائی عمر امین گنڈاپور کے وکیل نے حفاظتی ضمانت کی درخواست واپس لے لی، اسد قیصر کے وکیل نے کہاکہ وزارت داخلہ کی جانب سے رپورٹ آنی تھی، بعد ازاں عدالت نے مذکورہ بالا احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28جون تک ملتوی کردی، سماعت کے بعد شیخ رشید نے عدالت کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیرداخلہ خود بہت بڑا دہشتگرد ہے،9 بلین ڈالر اب ذخائر رہ گئے ہیں،ہمیں بتانے کی ضرورت نہیں کہ ملک میں مہنگائی کہاں تک پہنچ گئی ہے، الیکشن کی تاریخ دی جائے،عمران خان کی کال پر پورا ملک باہر نکلا ہے،جنرل صاحب میں اردو میڈیم سکول کا پڑھاہوا ہوں، میں جنرل صاحب کا احترام کرتا ہوں،آئی ایس پی آر میرے خلاف بیان دیدیگا،آئی ایس پی آر بتائے کہ سازش اورمداخلت میں کیا فرق ہے۔