بلوچستان اسمبلی کااجلاس پیر کو نہ ہو سکا،بجٹ آج پیش کیا جائیگا، تبدیل شدہ شیڈول جاری

21 جون ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر کو نہ ہوسکا ، اجلاس دوسری مرتبہ موخر، اب بجٹ اجلاس آج ہوگا ، قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے آئین کے آرٹیکل 109 ائے کے تحت بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر20 جون کی بجائے اب منگل 21 جون کو سہ پہر 4بجے طلب کیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ و مواصلات و تعمیرات سردارعبدالرحمن کھیتران آئندہ مالی سال 2022-23ء کا بجٹ پیش کریں گے۔ بجٹ اجلاس کا تبدیل شدہ شیڈول بھی جاری کردیا گیا جس کے مطابق 24،25 اور 27 جون کو آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث اور مالی مسودہ قانون 2022 پیش کیا جائے گا ، 28 جون کو ضمنی میزانیہ مالی سال 2021- 22 پر بحث ہوگی 29 جون کو سالانہ مطالبات زر برائے مالی سال2022-23 پیش کئے جائیں گے جبکہ 30 جون کو منظور شدہ اخراجات کا گوشورہ بابت مالی سال 2022-23 اور ضمنی منظورشدہ اخراجات کا گوشوارہ بابت مالی سال 2021-22 ایوان کی میز پر رکھا جائے گا اور مالیاتی مسودہ قانون برائے سال2022 زیرغور اور منظور کیا جائے گا۔