کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میں عارف علوی کو صدر نہیں مانتا، عارف علوی کو قانون کا ہی پتا نہیں ہے،آئی ایم ایف کی تمام شرائط مان لی گئی ہیں،ایک دو روز میں آئی ایم ایف کا معاملہ حل ہوجائے گا، پی ٹی آئی والے فیٹف کا بڑا ڈھول بجارہے ہیں، آئی ایم ایف کا جنازہ بھی تو پڑھیں، پچھلی حکومت اتنی نااہل تھی کہ قانون سازی کیلئے بھی فوج کو مداخلت کرنا پڑی،اسحاق ڈار کی قابلیت کا احترام کرتا ہوں لیکن مفتاح اسماعیل پر عدم اعتماد نہیں کرسکتا، پی ڈی ایم کو آئندہ الیکشن ایک پلیٹ فارم سے لڑنا چاہئے، پرویز الٰہی نے مجھے کہا نواز شریف سے بات کریں ہم سے کوئی غلطیاں ہوئیں تو معاف کردیں ایک نیا باب شروع کرنا چاہتے ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی سے بھی گفتگو کی گئی۔مونس الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں،شریف برادران نے ہمیشہ پاکستان کا بیڑا غرق کیا ہے، پچھلے لانگ مارچ میں پنجاب میں جو کمی رہ گئی تھی اب پوری ہوجائے گی، ہمارا فوکس پنجاب پر ہے، پنجاب میں ن لیگ نے آئین کی دھجیاں اڑادی ہیں، چھوٹے شہزادے کا موڈ ٹھیک کردیں تو پنجاب کا بحران حل ہوجائے گا، میرے خلاف مقدمہ عمران خا ن نے نہیں رانا ثناء اللہ نے کروایا ، نیب قانون میں بار ثبوت نیب پرہونا چاہئے ،ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کا بڑا برا حال ہوگا۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا کہ عمران خان فیٹف پر کریڈٹ لے رہے ہیں مگر آئی ایم ایف کا ڈس کریڈٹ لینے کو تیار نہیں ہیں، تحریک انصاف نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا پھر اس پر عمل نہیں کیا،ہمیں آئی ایم ایف سے پچھلی حکومت کے وعدے پورے کرنے پڑے ہیں، آئی ایم ایف سے وعدے پورے نہیں کرتے تو الیکشن سے پہلے ملک کا دیوالیہ نکل جاتا، ہم نے ملک میں استحکام کیلئے اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگادیا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط مان لی گئی ہیں،ایک دو روز میں آئی ایم ایف کا معاملہ حل ہوجائے گا، فیٹف کی شرائط پر عمل کیلئے جی ایچ کیو میں خصوصی سیل قائم کیا گیا تھا، پچھلی حکومت اتنی نااہل تھی کہ قانون سازی کیلئے بھی فوج کو مداخلت کرنا پڑی،قومی سلامتی کے مسائل پر فوج نے اہم ترین کردار ادا کیا، ابھی نندن کے معاملہ پربھی عمران خان میٹنگ میں نہیں آئے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اقتدار کی ضمانت کیلئے سویلین حکومت کی اسپیس سرینڈر کی، ریٹائرڈ لوگ جب سازش کا الزام لگاتے ہیں انہیں بتائیں عمران خان کوا ندر کون لایا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ خرم دستگیر نے کسی اور تناظر میں بات کی ہے، پی ٹی آئی والے فیٹف کا بڑا ڈھول بجارہے ہیں، آئی ایم ایف کا جنازہ بھی تو پڑھیں، پی ٹی آئی حکومت نے چار سال میں چار دفعہ نیب قوانین پر ہم سے بات چیت کی، پی ٹی آئی خود نیب میں ترامیم کرنا چاہتی تھی، ہم نے جو ترامیم کی یہ وہی ہیں جو یہ چاہتے تھے، نیب قانون میں ترامیم کی بنیاد سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلے ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں اصول ہے کہ الزام لگانے والے کو الزام ثابت کرنا ہوتا ہے، جھوٹے الزام پر کذب کی سزا ہوتی ہے، میں عارف علوی کو صدر نہیں مانتا، عارف علوی کو قانون کا ہی پتا نہیں ہے، نیب قوانین میں ڈپٹی چیئرمین کی گنجائش موجود ہے،میں راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈر مانتا ہوں، ہم ناکام نہیں ہمیں ناکامی ورثے میں ملی ہے، ہم ناکامی کو کامیابی میں بدلنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، اسحاق ڈار کی قابلیت کا احترام کرتا ہوں لیکن موجودہ وزیرخزانہ پر عدم اعتماد نہیں کرسکتا، مفتاح اسماعیل ناکام نہیں ہوئے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے تین دفعہ سازش کے بیانیہ کی تردید کی ہے، عمران خان خود اقتدار میں تھے تو جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا، پی ڈی ایم کو آئندہ الیکشن ایک پلیٹ فارم سے لڑنا چاہئے، پی ڈی ایم کی مشترکہ مقبولیت چاروں صوبوں میں ہے، پنجاب میں آئینی بحران ہے عنقریب ختم ہوجائے گا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حلفاً کہتا ہوں چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی سے خلوص سے ملے تھے، تمام تر سیاسی اختلافات کے باوجود چوہدری خاندان کا بڑا احترام کرتا ہوں،پرویز الٰہی نے مجھے کان میں کہا کہ خواجہ تمہارا نواز شریف سے بڑا تعلق ہے، نواز شریف سے بات کریں ہم سے کوئی غلطیاں ہوئیں تو معاف کردیں ہم ایک نیا باب شروع کرنا چاہتے ہیں، ایک عندیہ یہ بھی دیا گیا کہ پارٹیوں کا انضمام ہوجائے گا پھر اس کے بعد پتا نہیں کیا ہوا، یہ بات صرف اس لئے بتائی ہے کہ ہم مکمل خلوص کے ساتھ ان کے پاس گئے تھے۔ ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، عمران خان لانگ مارچ میں اس لئے رک گئے تھے کہ معاملات وہاں نہ پہنچ جائیں جہاں سے واپس نہ ہوسکے، عمران خان کا دوبارہ احتجاج کا پروگرام ہے ،پچھلے لانگ مارچ میں پنجاب میں جو کمی رہ گئی تھی اب وہ پوری ہوجائے گی، پنجاب میں جو کمی تھی اسے ہم پورا کرنے کی کوشش کریں گے، شریف برادران نے ہمیشہ پاکستان کا بیڑا غرق کیا ہے۔ مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ ہمارا فوکس پنجاب پر ہے، پنجاب میں ن لیگ نے آئین کی دھجیاں اڑادی ہیں، چھوٹے شہزادے کو بات پسند نہیں آئی تو اس نے ایوان اقبال میں جعلی اسمبلی بنالی، کل انہیں یہ بھی سمجھ نہیں آئی تو اسمبلی رائیونڈ لے جائیں گے، ڈپٹی اسپیکر کا کردار تب آتا ہے جب اسپیکر دستیاب نہ ہو، ن لیگ پنجاب اسمبلی میں آکر بجٹ پیش کرے ، ن لیگ کو اسمبلی میں اکثریت حاصل ہے تو بجٹ پر ووٹنگ کروائے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ حکومت نے میرے خلاف بند انکوائری کو دوبارہ کھولا، رانا ثناء اللہ کو میاں صاحبان پر 16ارب روپے کی تحقیقات نظر نہیں آئی، عمران خان کے دور میں ہم عدالت گئے ہمیں عدالت سے ریلیف ملا، عدالت میں آئی او بیان دے چکا ہے کہ مونس الٰہی بری الذمہ ہیں، رانا ثناء اللہ قانون نہیں پڑھتے انہیں جو بھی دفعہ لگانی ہے لگالیں، میرے خلاف مقدمہ عمران خا ن نے نہیں رانا ثناء اللہ نے کروایا ہے، میرے خلاف مقدمہ موجودہ حکومت نے درج کروایا ہے۔ مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے تین بار مجھ سے ایک جیسے سوالات پوچھے، میں نے ایف آئی اے والوں کو کہا آپ کو میری آواز یا اردو سمجھ میں نہیں آرہی تو انگریزی میں سوال پوچھ لیں، چوتھی مرتبہ وہی سوالات پوچھے گئے تو ایف آئی اے کو کہا کہ لکھ کر دیں آپ کو لکھ کر ہی جواب دوں گا،ایف آئی اے نے مجھ سے تقریباً چالیس سوالات پوچھے تمام کے جوابات دیئے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ نیب قانون میں بار ثبوت نیب پرہونا چاہئے،90روز کا ریمانڈ بھی کم ہونا چاہئے، یہ ترمیم اچھی ہے کہ نیب کسی پر الزام لگائے گی تو اسے ہی ثابت کرنا ہے۔ میزبان کے سوال ق لیگ میں دراڑ کیوں پڑی؟ کا جواب دیتے ہوئے مونس الٰہی کاکہنا تھا کہ جب بھی ایسا کچھ ہوتا ہے تو اس کے پس منظر میں کچھ چیزیں ہوتی ہیں، ایک موقع ایسا آتا ہے جب چیزیں سامنے آجاتی ہیں، آج کل ہر گھر میں اختلاف رائے ہے، سیاست سب کی اپنی اپنی ہے، چوہدری شجاعت سے میرا تعلق اپنے والد سے زیادہ رہا ہے، کئی دفعہ میرا اور شجاعت صاحب کا نکتہ نظر پرویز صاحب سے مختلف ہوتا تھا، اس وقت شجاعت صاحب ویٹو کردیتے تھے کہ مونس جو کہہ رہا ہے ایسے ہی کرنا ہے، گھر سے والدہ، والد اور شجاعت صاحب سے مل کر نکلتا ہوں۔ مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کا بڑا برا حال ہوگا، میرے حلقے میں پی ٹی آئی کا گراف بہت بہتر ہوگیا ہے، دیہی علاقوں میں بھی پی ٹی آئی تیزی سے پھیل رہی ہے، چھوٹے شہزادے کا موڈ ٹھیک کردیں تو پنجاب کا بحران حل ہوجائے گا، چھوٹا شہزادہ ضد پر آیا ہوا ہے کہ میں نہیں مانوں گا، ن لیگ بیٹھ کر بات کرے چیزیں حل ہوجائیں گی، عطاء تارڑ نے اسمبلی میں نازیبا اشارہ کر کے ہاؤس کی توہین کی ہے۔
پنجگور نیشنل پارٹی ضلع پنجگور کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی وشبود میں گرینڈ شمولیت جلسہ ہوا ۔شمولیتی جلسے سے...
کوئٹہ آئی جی بلوچستان پولیس نے شہباز ٹائون میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہری پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے صدر...
پنجگور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل واجہ جہانزیب بلوچ نے کہا ہے کہ بی این پی کا سیاسی راستہ...
کراچیچین کے جنوبی مغربی صوبے کے شہر ونژو میں کوئلے کی ایک کان میں آگ لگنے سے 16 افراد ہلاک ہوگئے۔بیجنگ سے چینی...
کراچی ایف آئی اے کراچی اور حیدرآباد زون نے گزشتہ ہفتے کے دوران کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر...
کراچی نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو الیکشن لڑنے سے نہیں...
اسلام آباد ڈریپ نے بخار کی دوا کا ایک بیچ غیرمعیاری قرار دیدیااورپیڈولل سسپنشن کا پراڈکٹ ری کال الرٹ جاری...
کوئٹہجمعیت نظریاتی بلوچستان کے امیر مولاناعبدالقادر لونی جنرل سیکرٹری مولانا حافظ عبدالاحد کبدانی نائب...