دربار صاحب پر حملہ نہیں بھولیں گے ،لندن میں بھارت کے خلاف سکھوں کی ریلی

21 جون ، 2022

لندن (این این آئی)لندن میں نکالی گئی سکھ فریڈم ریلی کے شرکاء نے کہا ہے کہ وہ بھارت سے آزاد ہو کر امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سکھوں کے مقدس مقام دربار صاحب پر بھارتی حملے کے 38برس مکمل ہوگئے، جس کی یاد میں ریلی نکالی گئی۔فیڈریشن آف سکھ آرگنائزیشن نے بھارت کے خلاف سینٹرل لندن میں فریڈم ریلی نکالی، جس میں لندن سمیت دیگر شہروں سے آئے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے ہائیڈ پارک کے قریب ویلنگٹن آرچ سے ریلی کا آغاز کیا، شرکا بکنگھم پیلس کے سامنے سے ہوتے ہوئے ٹریفلگر اسکوائر پہنچے۔اس موقع پر شرکا نے کہا کہ سکھ دربار صاحب پر حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 1984 میں سکھوں کا بیدردی سے قتل عام کیا، سکھ آج تک انصاف کے منتظر ہیں۔