پی سی بی جنرل باڈی اجلاس، سالانہ کارکردگی، اکاؤنٹس رپورٹس جانچی گئی

21 جون ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین رمیز راجا نے بین الاقوامی سطح پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان بلائنڈ اور ڈیف ٹیموں کے لیے دس دس لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس کے دوران جنرل باڈی کو پاکستان کرکٹ پر بھی پیش رفت فراہم کی گئی۔ جنرل باڈی کو قومی مینز کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں موجودہ رینکنگ پر بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو ٹیموں کی آئندہ اسائنمنٹس سے بھی آگاہ کیا گیا۔ پی سی بی کی جنرل باڈی کا اجلاس پیر کو قومی ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہوا۔ اہم ترین اجلاس میں ملک کی چھ ایسوسی ایشن کے صدور نے اس لئے شرکت نہیں کی کیوں کہ ابھی تک منتخب صدور نہیں آسکے ہیں تاہم بلائنڈ کرکٹ کونسل کا تنازع حل ہونے کے بعد ایک تہائی اکثریت سے کورم مکمل کیا گیا۔ پی سی بی کے آئین 2019 کی شق 20 کے تحت جنرل باڈی نے پی سی بی کی سالانہ رپورٹ اور اکاؤنٹس کی آڈٹ شدہ رپورٹس کا جائزہ لیا۔ جنوری میں پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات کے بعد جنرل باڈی کا اجلاس کیا گیا ہے۔ آئین کی شق 24 (1) کے تحت اجلاس کیلئے ایک تہائی کورم مکمل ہونا ضروری تھا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی رمیز راجانے کی، جہاں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے سربراہ سید سلطان شاہ اور پاکستان ڈیف کرکٹ کونسل کے سربراہ عرفان میراج سمیت دونوں کونسل کے نمائندگان نے شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نےبھی غیرفعال رکن کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔