وفاقی اردو یونیورسٹی، 2 طلبا تنظیموں میں تصادم، نصف درجن سے زائد زخمی

21 جون ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ پر واقع وفاقی اردو یونیورسٹی میں 2 طلبا تنظیموں کے کارکنان کے درمیان تلخ کلامی کے بعد تصادم ہوگیا اس دوران لاٹھی اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال ہوا اور جامعہ میدان جنگ بن گئی ،لاٹھی ڈنڈوں اور پتھراو سے نصف درجن سے زائد طلبہ زخمی ہوگئے ، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا، ایس ایچ او عدیل کے مطابق پولیس نے آئی ایس او کے 8طلبا کو حراست میں لے لیا ہے اور زخمی ہونے والے افراد قریبی اسپتال چلے گئے تھے، انہوں نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ تا حال درج نہیں ہوسکا ہے واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل بھی دونوں تنظیموں کےد رمیان تصام ہوا تھا۔