ٹریفک حادثات میں رکشا ڈرائیور اور ایک شخص جاں بحق، 5 افراد زخمی

21 جون ، 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات رکشہ ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون پونے پانچ نمبر میں تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے رکشا الٹ گیا جس کے باعث رکشا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا، ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا، اطلا ع پر پولیس اور ریسکیو عملے نے رکشا کے اندر سے ڈرائیور کی پھنسی ہوئی لاش نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کی،پولیس کے مطابق متوفی کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے ،گذری پل کے اوپر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 40 سالہ نارائن جاں بحق ہوگیا، ہاکس بے روڈ نزد مشرف کالونی موڑ پر دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ، سول اسپتال میں شناخت مرتضیٰ ، یاسین ، طاہر ، حسن اور رحیم کے نام سے ہوئی ہے،علاوہ ازیں کورنگی نمبر-2 سیکٹر 41/A محمدی مسجد کے قریب زیر تعمیر گھرکی چھت سے گرکر مزدور 35 سالہ رفیق جاں بحق ہوگیا، پورٹ قاسم اسٹیل ملز چورنگی نالے کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 35سال کے قریب ہے اور فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔